اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے یومِ شہادتِ میجر طفیل محمد شہید، نشانِ حیدر کے موقع پر ان کی عظیم قربانی، بے مثال بہادری اور لازوال حب الوطنی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
ہفتہ کو ایکس پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے مادرِ وطن کے دفاع کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے ثابت کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور عزت ہمارے بہادر سپوتوں کے لیے ہمیشہ مقدم رہی ہے،ان کی جرات، فرض شناسی اور استقامت پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
میجر طفیل محمد شہید اور ہمارے تمام شہدا ہمارا فخر اور قومی تاریخ کے وہ روشن ستارے ہیں جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔اللہ تعالی میجر طفیل محمد شہیدسمیت تمام شہدا کے درجات بلند فرمائے اور پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام اور سلامتی عطا فرمائے۔









