وزیر اعظم

وزیر اعظم سے کسانوں کے وفد کی ملاقات ، مسائل سے آگاہ کیا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،کسانوں کی سہولت کاری کے لیے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائینگے ،

زرعی ٹیوب ویلوں پر بجلی کے نرخوں کے حوالے سے مطالبے پر غور کیا جائے، زرعی شعبے میں پیداوار میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لیے دوست ملک چین سے اشتراک کیا جارہا ہے، کسانوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ترجیحی بنیادوں پر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔

جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان سے کسان اتحاد کے وفد نے ملاقات کی ۔وفد میں صدر کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر، سیکرٹری جنرل چوہدری احسان اکرم اور صوبائی صدر رضوان اقبال شامل تھے ۔وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخرامام ، چیئرپرسن خصوصی کمیٹی برائے زرعی پیداوار شاندانہ گلزار بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

وفد نے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے وزیر اعظم کی گہری دلچسپی اور اقدامات کو سراہا ۔وفد نے وزیر اعظم کو کسانوں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ ٹیوب ویلوں کے حوالے سے بجلی کے نرخ، فرٹیلائزر کی مناسب قیمت پر فراہمی، معیاری بیج کی دستیابی، کراپ انشورنس و دیگر اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔

وزیر اعظم نے وفد سے بات چیت کے دوران اس عزم کا اعادہ کیا کہ زرعی شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے لہذا حکومت کسانوں کی سہولت کاری کے لیے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود حکومت نے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے پچاس ارب کا پیکیج دیا ہے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زرعی ٹیوب ویلوں پر بجلی کے نرخوں کے حوالے سے مطالبے پر غور کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ زرعی شعبے میں پیداوار میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لیے دوست ملک چین سے اشتراک کیا جارہا ہے۔

وزیر اعظم نے وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو ہدایت کی کہ کسانوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ترجیحی بنیادوں پر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔