اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی جس میں ٹائیگر فورس کیلئے بنائی گئی ایپلی کیشن کے اجراءاور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
بدھ کے روز وزیر اعظم ہاﺅس اسلام آباد میں معاون خصوصی عثمان ڈار نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے ملک بھر میں ایپلی کیشن کے اجراء کی منظوری دیتے ہوئے ٹائیگر فورس کے ساتھ متحرک ارکان اسمبلی کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔ وزریراعظم عمران خان نے کہا عوامی نمائندوں کی جانب سے نوجوان رضا کاروں کی سرپرستی ضروری ہے،ٹائیگر فورس مستقبل میں ملک کا قیمتی اثاثہ بننے جا رہی ہے۔
بعد ازاں عثمان ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کی خدمات کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ٹائیگر فورس کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ٹائیگر فورس کو ضلع ، یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر مانیٹر کیا جا سکے گا۔
ایپلی کیشن کے ذریعے سمارٹ لاک ڈاون پر عملدرآمد کروانے میں بھی آسانی ہو گی کورونا سے متاثرہ ہاٹ اسپاٹ کی فوری نشاندہی بھی ممکن ہو گی جبکہ ٹائیگر فورس کی ٹیمیں بنا کر کپتان اور وائس کپتان بھی نامزد کئے جائیں گے۔