مریم نواز شریف 33

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دورہ ساہیوال، 5 ارب 61 کروڑ کے 4 میگا منصوبوں کا افتتاح

ساہیوال (شیر محمد سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ساہیوال آمد پر سڑکوں پر پھول ہی پھول، عوام ہی عوام نظر آئی۔ وزیراعلیٰ کا دورہ ساہیوال کے عوام اور کاشتکار بھائیوں کے لیے خوشیاں لے آیا۔ وزیراعلیٰ نے ساہیوال کے لیے 5 ارب 61 کروڑ روپے کے 4 میگا پراجیکٹس کا افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال میں پہلے مریم نواز سپورٹس ایرینا کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے سپورٹس ایرینا کا دورہ بھی کیا، جائزہ لیا، کھلاڑیوں سے بات چیت کی، آٹو گراف دیئے اور تصاویر بنوائیں۔ وزیراعلیٰ نے کرکٹ ایرینا میں کھلاڑی سے بیٹ لے کر کرکٹ کھیلی اور فٹ بال کو کک لگا کر گیم کا آغاز کیا۔ انہوں نے سپورٹس ایرینا میں دیوار تشکر اور دیوار محبت کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پارکس میں بچوں کے ساتھ جھولے بھی لیے۔ کھلاڑیوں نے وزیراعلیٰ سے پوسٹر، شرٹ، ریکٹ اور ہاتھ پر آٹو گراف لیے۔ سپورٹس ایرینا میں پیڈل کورٹ، کرکٹ ایرینا، فٹ سال ایرینا، کیفے اور دیگر سہولیات میسر ہیں۔ عوام کے لیے سپورٹس ایرینا میں آن لائن بکنگ، دن میں خواتین اور شام میں مرد حضرات کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس سہولت فراہم کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال میں بیوٹیفکیشن ماڈل پراجیکٹ صدر بازار کا افتتاح بھی کیا۔ وزیراعلیٰ کی آمد پر ہزاروں شہری بازار میں امڈ آئے، ہر طرف لوگوں کا ہجوم تھا۔ ماڈل صدر بازار میں پہلی مرتبہ بجلی کے تار اور دیگر یوٹیلیٹیز کی انڈر گراؤنڈ وائرنگ کی گئی ہے۔ بازار میں داخلی گیٹ، ٹف ٹائل، پیدل گزرگاہ بھی بنائی گئی ہے جبکہ خریداروں کے سستانے کے لیے بینچ نصب، پلانٹر اور ویسٹ بن بھی موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال ماڈل ایگری کلچر مال کا باضابطہ افتتاح کیا اور پنجاب بھر میں 10 نئے ماڈل ایگری کلچر مال پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ ماڈل ایگری کلچر مال جھنگ، فیصل آباد، رینالہ خورد، خانیوال، جام پور، بورے والا، صادق آباد، مریدکے، پنڈی گھیب اور میانوالی میں بنیں گے۔

وزیراعلیٰ نے ساہیوال ماڈل ایگری کلچر مال کا دورہ کیا، پاک سیڈر، سائیلج، ہارویسٹر، رائس پلانٹر اور ڈرون سپرے مشین کا معائنہ کیا اور وہاں موجود کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے پراجیکٹ کے بارے میں دریافت کیا۔

ایگری کلچر مال میں سرٹیفائیڈ کھاد، بیج، پیسٹی سائیڈ ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گے۔ کاشتکاروں کے لیے ڈرون ٹیکنیک اور دیگر ماڈرن زرعی آلات رینٹ پر دستیاب ہوں گے۔ کاشتکار ٹریننگ پروگرام، پیسٹ، سائل اور کراپ مینجمنٹ پر زرعی ماہرین سے مشاورت کر سکیں گے۔ زرعی مداخل کی ٹیسٹنگ، سرٹیفکیشن اور سٹینڈرائزیشن کے لیے کوالٹی کنٹرول اور ٹیسٹنگ کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ کاشتکاروں کو ایک ہی چھت تلے فنانشل سروس اور کریڈٹ سپورٹ بھی دستیاب ہوگی۔ ماڈل ایگری کلچر مال میں 9 شاپس، مشینری ڈسپلے اور ٹریننگ ہال بھی قائم کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال عارف والا دو رویہ سڑک کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ 27 کلومیٹر طویل سٹیٹ آف دی آرٹ ساہیوال عارف والا روڈ کی تکمیل سے 3 اضلاع کے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے تختی کی نقاب کشائی کر کے پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ کی آمد پر سڑکوں کے اطراف میں بچے، خواتین سمیت ہزاروں شہری امڈ آئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف بزرگ خاتون کو دیکھ کر ان کے پاس پہنچ گئیں اور انہیں گلے لگا لیا۔ انہوں نے کمسن بچے کی خواہش پر سیلفی بھی بنوائی۔

ساہیوال کے ارکان اسمبلی نے عارف والا روڈ کو تاریخ ساز منصوبہ قرار دیا اور وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے روڈ پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کی آمد پر ہر بازار، ہر سڑک پر عوام کا رش اور بچوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں