عثمان بزدار

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے قیدیوں اورجیل عملے کیلئےخصوصی پریزن پیکیج

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار قیدیوں اورجیل عملے کیلئے خصوصی پریزن پیکیج کی تقریب میں شرکت کیلئے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنرپیش کیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قیدیوں کیلئے ٹی وی کیبل نیٹ ورکنگ سسٹم کا افتتاح کیا۔

کیبل نیٹ ورکنگ سسٹم کے ذریعے قیدی پی ٹی وی کے ساتھ تفریحی چینل بھی دیکھ سکیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قیدیوں کیلئے جم اور فٹنس سنٹرکا بھی افتتاح کیااور قیدیوں کیلئے ایکسرسائزکی مشینیں دیکھیں۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے ایک مشین پر خود بھی ایکسرسائز کی۔

وزیراعلیٰ نے قیدیوں اورجیل عملے کیلئے 5ارب50کروڑ روپے کے خصوصی پریزن پیکیج کا اعلان کیا توقیدیوں اورجیل ملازمین نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار زندہ بادنعرے لگائے۔وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قیدی قابل نفرت نہیں ہوتے،صرف جرم قابل نفرت ہوتاہے۔قیدی انسان ہیں اورانسان قابل صلاح ہوتا ہے جس پر قیدیوں نے پرجوش انداز میں تالیاں بجائیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے قیدیوں کی سزامیں 60 یوم کی عام معافی کا اعلان کیاتو قیدیوں نے ایک بار پھر عثمان بزدار زندہ باد کے نعرے لگائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اپنی تقریر کے اختتام قیدیوں اورسٹاف کیلئے پریزن پیکیج کی تیاری میں صوبائی وزراء راجہ بشارت،فیاض الحسن چوہان اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی کاوشوں کو سراہااورانہیں خراج تحسین پیش کیا۔

صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے اپنی تقریر میں قیدیوں کی حالت زار پر توجہ نہ دینے پر ماضی کی حکومتوں کو آڑے ہاتھوں لیا اورخصوصی پریزن پیکیج کے اعلان پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ویژن کی تعریف کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے تحت مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مرد و خواتین قیدیوں میں انعامات تقسیم کیے۔