مراد علی شاہ 16

وزیراعلیٰ سندھ پیر سے چین کے دورے پر روانہ ہوں گے، 15 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیئے جائیں گے

سکھر (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ پیر سے چین کے دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے 15 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ دورے کے دوران تھر کول منصوبے میں بہتری، سرمایہ کاری اور برقی اسکوٹرز کی تیاری کے کارخانے لگانے کے حوالے سے بھی اہم معاہدے ہوں گے۔سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان 70 سال سے زائد عرصے پر محیط دوستی قائم ہے، جس کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ تھر کول سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے اور اضافی پیداوار کا افتتاح چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کیا تھا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبوں کو اپنے وسائل پیدا کرنے کے قابل بنانے کے لیے صوبائی قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے آبادگاروں کو سبسڈی فراہم کی جارہی ہے اور صوبے میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے۔

قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور عوام کو مناسب نرخوں پر گندم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سرکاری گندم بھی جاری کی جارہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ، چیئرمین ضلع کونسل سید کمیل حیدر، میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور سید اسد علی شاہ بھی موجود تھے۔ ایئرپورٹ پر کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی، ڈی آئی جی ناصر آفتاب، ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان اور ایس ایس پی احمد فیصل چوہدری نے بھی وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں