آصف علی زرداری 15

وزیراعظم یوتھ پروگرام حکومت کا نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے فلیگ شپ پروگرام ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام حکومت کا نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے فلیگ شپ پروگرام ہے جس کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو تعلیم، ہنرمندی، روزگار، کاروبار، ڈیجیٹل جدت، کھیلوں اور شہری سرگرمیوں میں مواقع فراہم کرتے ہوئے ملک کی آبادیاتی صلاحیت سے فائدہ اٹھانا ہے۔ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری پیغام میں صدر مملکت نے نوجوانوں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر ان کی توانائی، استقامت، تخلیقی صلاحیتوں اور ایک پرامن، خوشحال اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کے عزم کو سراہتے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اس سال نوجوانوں کے عالمی دن کا موضوع ‘‘مختلف حالات، مشترکہ خواہشات‘‘ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ نوجوان خواہ کسی بھی پس منظر سے تعلق رکھتے ہوں، معیاری تعلیم، باعزت روزگار، جدت و اختراع، مساوات اور معاشرے میں شرکت ان کی مشترکہ خواہشات ہیں۔ یہ صرف ریاست کا فرض نہیں بلکہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہر نوجوان کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا بھرپور موقع فراہم کیا جائے۔صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کا جوش، تخلیقی صلاحیت اور استقامت پاکستان کے لئے ایک قوت ہیں۔ ان کے زاویہ نگاہ اور اختراعی خیالات معاشروں کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تعلیم، روزگار، کاروبار، رضاکارانہ سرگرمیوں اور فیصلہ سازی کے عمل میں نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنا کر ہم معاشرے کی بہتری کے لیے ان کی بے پناہ صلاحیتوں سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ نوجوانوں کو قومی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانا محض ان کے مستقبل میں ہی نہیں بلکہ درحقیقت پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 67 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، اس لیے ہمارے نوجوان قوم کی سب سے بڑی قوت ہیں۔ خصوصاً نوجوان خواتین کی امنگیں، صلاحیتیں اور قیادت ہماری سماجی و معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں۔ لڑکیوں اور نوجوان خواتین کے لیے تعلیم، ہنرمندی، کاروبار، سائنس، ٹیکنالوجی اور قیادت میں مواقع فراہم کر کے ہم اپنی قوم کی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکتے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس امر کی بھی یاد دہانی کراتا ہے کہ اگر تعلیمی مواقع کی کمی، نوجوانوں میں بے روزگاری کی بلند شرح اور ڈیجیٹل خواندگی کے خلا جیسے چیلنجز کا بروقت تدارک نہ کیا گیا تو ان کے طویل المدتی اثرات پورے معاشرے میں پھیل سکتے ہیں، جن میں معاشی جمود، افرادی قوت کا بیرون ملک منتقلی کا رجحان، جرائم میں اضافہ، انسانی سمگلنگ، ذہنی صحت کے مسائل اور معاشرتی بے چینی بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام حکومت کا نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے فلیگ شپ پروگرام ہے جس کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو تعلیم، ہنرمندی، روزگار، کاروبار، ڈیجیٹل جدت، کھیلوں اور شہری سرگرمیوں میں مواقع فراہم کرتے ہوئے ملک کی آبادیاتی صلاحیت سے فائدہ اٹھانا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ میں اپنی نوجوان بیٹیوں اور بیٹوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ وہ بہترین کارکردگی کے حصول کی کوشش کریں، جدت و اختراع کو اپنائیں، دیانت داری، ہمدردی اور برداشت کی اقدار کو فروغ دیں اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں فعال کردار ادا کریں۔صدر مملکت نے کہا کہ آئیے! اپنی مشترکہ خواہشات کو مشترکہ کامیابیوں میں تبدیل کریں اور ایک مضبوط، جامع اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں