شہباز شریف 19

وزیراعظم کی آزاد کشمیر الیکشن میں برتری پر نوازشریف اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کی برتری پر پارٹی قائد محمد نواز شریف اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کا یہ تسلسل قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور پارٹی کی پوری ٹیم کی محنت کا ثمر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر میں انتہائی مؤثر اور کامیاب انتخابی مہم چلائی، جبکہ انتخابی نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ آزاد کشمیر کے عوام کو مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مختلف سیاسی جماعتوں کی بھرپور شرکت خوش آئند ہے، جس سے جمہوری عمل مزید مضبوط ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں