لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رکنِ قومی اسمبلی ملک اقبال چنڑ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مرحوم کی سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک اقبال چنڑ ایک مخلص عوامی رہنما ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک مخلص اور نظریاتی کارکن اور قائد محمد نواز شریف کے سچے اور وفادار ساتھی تھے، مجھے انہیں ذاتی طور پر جاننے اور متعدد مواقع پر پنجاب میں اپنی کابینہ میں ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
وزیراعظم نے مرحوم کے صاحب زادے، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ اور سوگوار خاندان اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اقبال چنڑ نے ہمیشہ خلوص، دیانت اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں، ان کی وفاداری، خدمات اور وابستگی کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے صبر کے لئے دعا بھی کی ۔









