عمران خان

وزیراعظم عمران خان روسی صدر کی دعوت پر کل اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورہ پر روس جائیں گے

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرا عظم عمران خان روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی دعوت پر رواں ہفتے روس کا دورہ کریں گے‘صدر ولادی میر پیوٹن سے ون آن ون ‘باہمی اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے‘افغانستان کی صورت حال‘ اسلاموفوبیا سمیت اہم عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان 23 فروری کو 2 روزہ دورہ پر روس جائیں گے جہاں وہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی کابینہ اراکین سمیت اعلی سطح کا وفد روس جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دو طرفہ کانفرنس اس دورے کے اہم نکات میں سے ہے، پاکستان اور روس کے درمیان باہمی وقار اور اعتماد پر مبنی دو طرفہ تعلقات موجود ہیں۔ دو طرفہ سمٹ میں دونوں ملکوں کے رہنما باہمی اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔

بیان کے مطابق دونوں رہنماو¿ں کے درمیان افغانستان کی صورت حال، اسلاموفوبیا سمیت اہم عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، وزیر اعظم کے دورہ روس سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مذید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔