کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ دیں، تو ہم بھی عہدہ چھوڑ دیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں چودھری منظور اور ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ آئین میں تبدیلی کا حق سینیٹ اور قومی اسمبلی کے پاس ہے لیکن حکومت ریفرنڈم کے ذریعے چور دروازے سے آئین کی دیوار توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہے، اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ 58 ٹو بی دوبارہ بحال کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے صوبائی خودمختاری، میڈیا اور عدلیہ کی آزادی، علاقائی صورتحال، صوبوں کے معاملے اور دیگر معاملات پر بات کی کی لیکن صرف ایک معاملہ ہے جس پر سب سے زیادہ بحث ہو رہی ہے۔
چودھری منظور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایک سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر کانسٹی ٹیونٹ خود بول پڑے تو نمائندے کی حیثیت ختم ہو جاتی ہے، اگر فرض کر لیا جائے کہ عوام ریفرنڈم پر اپنی رائے دیں تو کیا اس رائے کو آئین کے اندر تبدیلی تصویر کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین میں تبدیلی کا ایک طریقہ کار موجود ہے، آئین میں تبدیلی کا حق سینیٹ اور قومی اسمبلی کے پاس ہے، آرٹیکل 239 کے علاوہ کوئی آرٹیکل دکھا دیں جس میں صوبائی اسمبلی کو ویٹو کا اختیار دیا گیا ہے۔
چودھری منظور نے کہا کہ آئین ایک چار دیواری ہے جس میں داخل ہونے یا باہر جانے کا راستہ نہیں ہے، کیا آپ ریفرنڈم کے ذریعے ایک چور دروزاے سے آئین کی دیوار کو توڑ کر اندر داخل ہونا چاہتے ہیں، اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ 58 ٹو بی دوبارہ بحال کرنے جا رہے ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 239 میں طریقہ کار موجود ہے کہ کس طرح بنیں گے یا نہیں بنیں گے، اس کے لیے پہلے قومی اسمبلی اور پھر صوبائی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے، اگر صوبائی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے اسے نامنظور کر دے تو معاملہ صدر کے پاس نہیں جا سکتی، اس سے واضح ہے کہ صوبائی اسمبلی کو صرف ایک آرٹیکل کے ذریعے ویٹو کا اختیار دیا گیا ہے۔
’نئے صوبوں کے معاملے پر پہلے بحث کا اختیار صوبے کو حاصل ہے‘انہوں نے کہا کہ مسلمہ اصول یہ ہے کہ جس صوبے کی باؤنڈری تبدیل ہونی ہے سب سے پہلے وہاں بحث ہوگی، 1973ء کا آئین بنانے والوں کے ذہن میں یہی تھا کہ ایک ڈکٹیٹر آتا ہے اور ایک صفحے پر مشتمل آرڈر کے ذریعے صوبے توڑ کر ون یونٹ بنا دیتا ہے، اگلا ڈکٹیٹر اسی طرح ون یونٹ توڑ کر دوبارہ صوبے بنا دیتا ہے۔
چودھری منظور نے سوال اٹھایا کہ اگر لکسی معاملے پر آرا مختلف ہوں تو کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ ریفرنڈم کرایا جائے، اس حوالے سے آئین میں باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے، ریفرنڈم کے ذریعے آپ ایسا راستہ کھولنے جا رہے ہیں جو تباہی اور بربادی کا راستہ ہے، جو لوگ ایسا کرنا چاہتے ہیں وہ سوچیں کہ وہ کیا کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 239 ختم کر دیا جائے، یہ طاقت کے زور پر ہو سکتا ہے لیکن ایسا کوئی بھی اقدام دیرپا نہیں ہوتا اور نہ ہی اس میں اتنی صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ سب کو ساتھ لے کر چلے۔
اسلام آباد میں براہ راست ووٹنگ کرا لیں رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک پہلے معاشی طور پر تباہ حال ہے، ملک کے پاس اتنے وسائل ہی نہیں کہ نئے صوبے بنا کر وہاں کے انتظامات کے لیے الگ سے فنڈز جاری کر سکے، حکومت کے لیے اصل مسئلہ صوبے نہیں بلکہ این ایف سی ایوارڈ اور اٹھارہویں ترمیم ہے، حکومت سیدھی بات کیوں نہیں کرتی۔
چودھری منظور نے کہا کہ ایک مسئلہ لوکل گورنمنٹ کا بھی ہے، حکومت صادق خان اور ظہران ممدانی کی مثالیں دیتی ہے تو پھر اسلام آباد میں براہ راست ووٹ کے ذریعے الیکشن کیوں نہیں کروا رہی، جیسے محمد صادق اور ممدانی جیت کر آئے ویسے ہی منتخب ہونے والوں کو اختیار دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی سنجیدہ مسائل ہیں، حکومت کو ریفرنڈم کرانے کے بجائے ان مسائل کے حل کی کوششیں کرنی چاہیے۔
الیکشن کمیشن میں یونین کونسل کا فری اینڈ فیئر الیکشن کرانے کی صلاحیت بھی نہیں پی پی رہنما ندیم افضل چن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سب کو بند گلی سے نکالنا چاہتی ہے، آپ لوکل باڈیز کے صاف اور شفاف الیکشن تو کروا نہیں سکتے، اس سے پہلے ملک میں 2 بار ریفرنڈم ہوئے، سب جانتے ہیں کہ یہ ریفرنڈم کیسے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت الیکشن کمیشن کی اتنی صلاحیت ہی نہیں ہے کہ وہ ایک یونین کونسل کا فری اینڈ فیئر الیکشن کروا لے اور یہ تو آپ ملک کی تقدیر کا فیصلہ کرنے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں چھوٹے صوبے ہم سے نہیں چلائے جا رہے، کیا آپ پنجاب یا سندھ سے اٹھ کر بلوچستان جا سکتے ہیں، کیا خیبرپختونخوا میں ہم رات کے وقت کہیں جا سکتے ہیں، تو کیا یہ سارے مسائل ریفرنڈم سے حل ہو جائیں گے، ہم ملک کو مل جل کر آگے لے جانا چاہتے ہیں، لڑائیوں سے یہ مسائل حل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے یہی کہا ہے کہ ملک کو خونریزی اور افراتفری سے بچائیں، یہ سب ملک میں پہلے ہوچکا ہے، بوری بند لاشوں سے آج تک ملک میں کیسے کیسے واقعات رونما ہوئے۔
ایک سوال کے جواب میں پی پی رہنماؤں نے کہا کہ رائے اور مینڈیٹ میں فرق ہوتا ہے، مینڈیٹ ووٹ کے ذریعے پارلیمنٹ کو ملتا ہے، ریفرنڈم میں لوگوں کی رائے لی جائے گی، ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے علاوہ تاحال کسی جماعت کا پالیسی بیان نہیں آیا۔








