کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے گریڈ 19 کے تین سینئر افسران کے تبادلوں اور ان کی جگہ جونیئر افسران کو عارضی چارج دینے کے خلاف دائر درخواست پر اہم حکم جاری کرتے ہوئے متعلقہ نوٹیفکیشنز کو معطل کر دیا۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 جون تک جواب طلب کر لیا ہے۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ نے ڈائریکٹر فنانس عبدالباسط کا تبادلہ کرکے ان کی جگہ بشیر احمد کو عارضی چارج دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اسی طرح ڈائریکٹر ویلفیئر احتشام خان کا تبادلہ کرکے آمنہ منظور کو جبکہ ڈائریکٹر ورکس مظفر علی شاہ کا تبادلہ کرکے فیصل شمس کو عارضی چارج سونپ دیا گیا۔
وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ تینوں افسران گریڈ 19 کے سینئر افسران ہیں جبکہ ان کی جگہ جونیئر افسران کو عارضی چارج دینا قواعد و ضوابط کے منافی اور خلاف قانون ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ کے جاری کردہ نوٹیفکیشنز کو کالعدم قرار دیا جائے۔ابتدائی سماعت کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے تبادلوں اور عارضی چارج سے متعلق نوٹیفکیشنز معطل کرتے ہوئے فریقین سے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔ کیس کی مزید سماعت 23 جون کو ہوگی۔








