نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ میں خاتون ممبر پارلیمنٹ کا ڈانس کرکے احتجاج، ویڈیو وائرل

ویلنگٹن(رپورٹنگ آن لائن) نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں کچھ ممبران کی جانب سے ایک بل کی مخالفت کی گئی، اس موقع پر خاتون ممبر پارلیمنٹ نے روایتی رقص کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کی کم عمر ترین ممبر پارلیمنٹ ہانہ رواہیتی مائیپی کلارک کو ویڈیو میں جذباتی انداز میں پارلیمنٹ میں پیش کردہ بل کی مخالفت کے دوران روایتی رقص کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

کم عمر ترین ممبر پارلیمنٹ نے بل کو پھاڑ کر روایتی رقص مورائی ہاکا شروع کیا جس کے بعد اسمبلی کے دیگر ممبران اور گیلری میں بیٹھے لوگ ان کا ساتھ دینے کے لئے اٹھ گئے اور ڈانس شروع کردیا، صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسپیکر اسمبلی نے اجلاس ملتوی کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ اسمبلی میں ملک کے قدیم باشندوں مورائی (پولی نیشیئن نسل) کے حقوق سے متعلق 1840 میں ہونے والے معاہدے کی نئی تشریح سے متعلق بل پیش کیا گیا تھا اور مائیپی کلارک اس کے شدید خلاف تھیں۔22 سالہ مائیپی کلارک کا تعلق بھی نیوزی لینڈ کے قدیم باشندوں مورائی سے ہے جو یورپی آباد کاروں کی نیوزی لینڈ میں آمد سے ہزاروں سال قبل یہاں کے اصل (قدیمی) باشندے تھے۔