کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا نوجوانوں کو سیکھنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کررہا ہے، اسے مثبت اور تعمیری مقاصد کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں کراچی یوتھ سمٹ 2026 سے خطاب اور افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کی امید ہیں۔ آج کے نوجوان ہی مستقبل میں ملک کی مختلف ذمہ داریاں سنبھالیں گے، اس لیے انہیں تعلیم، ہنر اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ملکی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہیے۔گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان سوشل میڈیا کو معاشرے کو جوڑنے، علم پھیلانے اور ترقی کے مواقع پیدا کرنے کے لیے استعمال کریں۔
اختلاف رائے جمہوری معاشرے کا حصہ ہے، تاہم اختلاف کا مطلب ایک دوسرے کو نقصان پہنچانا نہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے وظائف، بلاسود قرضوں اور روزگار سمیت مختلف مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔ حکومت نوجوانوں کی ترقی کے لیے تعلیم، روزگار اور دیگر شعبوں میں اقدامات کررہی ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کراچی گرین لائن منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی توسیع کے لیے وفاق کی جانب سے فنڈز جاری کیے گئے ہیں، متعلقہ اداروں کو مل کر منصوبے کو آگے بڑھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے بلا تفریق سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، تحقیق، کاروبار اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ گورنر سندھ نے کراچی یوتھ سمٹ کے انعقاد پر الخدمت کراچی کی کاوش کو بھی سراہا۔









