ندا یاسر

ندا یاسر نے اپنے شوہر و اداکار یاسر نواز کے دوسری شادی سے متعلق بیان پر ردعمل دیدیا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) معروف پاکستانی اداکارہ و پروگرام ہوسٹ ندا یاسر نے اپنے شوہر و اداکار یاسر نواز کے دوسری شادی سے متعلق بیان پر ردعمل دے دیا۔گزشتہ دنوں یاسر نواز اپنی اہلیہ ندا اور بھائی دانش نواز کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا مطالبہ ہے حکومت ایسا قانون لائے جس کے تحت بیوی ہر 15سال کے بعد اپنے شوہر کی نئی شادی کرائے اور جو نہ کرائے اس کو جیل میں ڈال دیا جائے۔

اب حال ہی میں اداکارہ ندا یاسر فیصل قریشی کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔پوڈ کاسٹ کے دوران میزبان فیصل قریشی نے ندا سے ان کے شوہر یاسر نواز کے دوسری شادی سے متعلق بیان پر بارے سوال کیا جس پر ندا نے جواب دیا کہ میرے شوہر یاسر مستی مذاق میں ایسی باتیں کرتے ہیں، اگر وہ دوسری شادی سے متعلق بیان پر سنجیدہ ہوتے تو میں انہیں کبھی یہ بات کرنے ہی نہیں دیتی۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ مذاق مستی کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے کیونکہ ایسا کرنے سے فائدہ کچھ نہیں ہوتا بلکہ بات ہی خراب ہوتی ہے تاہم اگر یاسر بڑھاپے میں کبھی دوسری شادی کرنا چاہیں تو میں کچھ نہیں کرسکتی کیونکہ ہمیں آنے والے وقت کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں۔