رانا تنویر حسین 18

مکہ ،مدینہ ہماری ریڈ لائین ،حفاظت کیلئے پاکستان کسی حد تک جاسکتا ہے’ رانا تنویر حسین

مریدکے(رپورٹنگ آن لائن )وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مکہ اور مدینہ ہماری ریڈ لائین ہیں اور ان کی حفاظت کیلئے پاکستان کسی حد تک جاسکتا ہے ،مکہ معاہدہ مکہ مکرمہ کے قریب بیٹھ کر ہوا ہے اور اس کا سیکرٹریٹ بھی مکہ ہی ہوگا ،تمام اسلامی ممالک سے کہتے ہیں ایک چھتری تلے اکٹھے ہوجائیں ،سعودی عرب ترکیہ ،پاکستان کا دفاعی معاہدہ خطے کیلئے ایک تاریخی معاہدہ ہے ،جو اسلامی ممالک دفاع کیلئے کسی اور کی طرف دیکھتے تھے اب خود اپنا دفاع کرسکیں گے ،بہت سے اسلامی ممالک اس معاہدے کا حصہ بننا چاہتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں پاکستان نیو کلیئر ملک ہے اوراس کی مسلح افواج ہر طرح کی جنگی صلاحیت رکھتی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیروزوالہ بار کے سیکرٹری جنرل چوہدری سبطین گجر کی رہائشگاہ پر ان کے جواں سال صاحبزادے کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ کوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس تاریخی معاہدے میں جوکردار ادا کیا ہے اس سے اسلامی ممالک میں ایک امید کی کرن پیدا ہوئی ہے ،ایران ،امریکہ جنگ میں جو تاریخی کردار ادا کیا گیا ہے اب ہمارا ازلی دشمن بھارت اور اس کا میڈیا بھی یہ کہنے اور ماننے پر مجبور ہوگیا ہے کہ پاکستان جو مقام اور عزت دنیا میں حاصل کرچکا ہے وہ کسی کے حصہ میں نہیں آیا ۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نوجوان اور جوشیلے ہیں، الیکشن میں سخت بیان دے بیٹھے ہیں،الیکشن میں ایسی سیاسی بیان بازی ہوتی ہے ،جب کشمیر الیکشن ختم ہوگا بلاول بھی معمول پر آ جا ئیں گے ۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے احتجاج پر بات کرتے کہا وزیر اعظم شہباز شریف پیٹرولیم اور دیگر مہنگائی پر پریشان ہیں ،پیٹرولیم قیمتیں کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ،وقت آنے پر اس میں کمی ہو گی ،اس وقت آئی ایم ایف کی شرائط آڑے آرہی ہیں ۔انہوں نے کہا ایران امریکہ جنگ نے پوری دنیا کی معیشتوںکو پریشان کیا ہواہے ،پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ،اس کے باوجود بہت سے ممالک سے کم نرخوں پر پیٹرولیم مصنوعات فراہم کی جارہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں