رانا ثنااللہ 22

مولانا مشکل وقت میں (ن )لیگ کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں،رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن مشکل وقت میں مسلم لیگ (ن )کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔

ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اس طرح کی صورتِ حال پیدا ہو جاتی ہے، اس میں پریشانی کی بات نہیں، پارٹی میں یہی کوشش ہو گی کہ تلخ کلامی کو روکا جائے۔رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ 28 ویں ترمیم کا مسودہ ابھی تک فائنل نہیں ہوا، 28 ویں ترمیم جب پارلیمنٹ میں آئے گی تو اس پربحث ہو گی۔

اس سے قبل گزشتہ روز رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن بڑے منجھے ہوئے اور سینئر سیاستدان ہیں، پی ڈی ایم کے دور میں مولانا صاحب کے ساتھ ہماری اچھی یادیں ہیں۔انہوںنے کہاکہ مولانا فضل الرحمن نے ریاست یا شہدا کے حوالے سے تلخ باتیں کی ہیں، اسی طرح سے ہماری طرف سے بھی ان چیزوں کا جواب دیا گیا ہے، ہماری اب بھی یہی کوشش ہو گی کہ مولانا صاحب کے ساتھ بیٹھ کر ان مسائل کو ختم کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں