اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی، رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے دنیا بھر میں آبی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے، اسلامی ممالک میں پانی کے وسائل کی حفاظت اور مشترکہ ترقی کے لیے تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی ممالک کے آبی مراکز کے حوالے سے دو روزہ نیٹ ورکنگ اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
رومینہ خورشید عالم نے عالمی سطح پر پانی کے تحفظ اور آبی وسائل کے انتظام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے دنیا بھر میں آبی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کی کمی کا مسئلہ بڑھتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی کے تحفظ کے لیے ایک جامع حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ رومینہ خورشید نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ پانی کے وسائل کی حفاظت اور مشترکہ ترقی کے لیے تعاون کو مستحکم کریں تاکہ اس سنگین بحران سے موثر طریقے سے نمٹا جاسکے۔