دیا مرزا 19

مودی کے ویڈیو پیغام پر بالی وڈ اداکارہ دیا مرزا کا شدید برہمی کا اظہار

ممبئی(رپورٹنگ آن لائن) نیٹ امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف نئی دہلی میں جاری طلبہ کے مظاہروں پر وزیراعظم نریندر مودی کے ویڈیو پیغام پر بالی وڈ اداکارہ دیا مرزا نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

بالی وڈ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک ٹوٹے ہوئے دل کے ایموجی کے ساتھ نوٹ شیئر کیا جس میں لکھا، ’جناب! ان والدین کیلئے ہمدردی کا ایک لفظ نہیں جن کے بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، نہ ان طلبہ اور سونم وانگچک کے لیے کوئی جذبہ جو ہفتوں سے بھوک ہڑتال پر تھے۔‘

دیا مرزا نے اپنے نوٹ میں مزید لکھا کہ ’آپ کو کچھ کہنے میں 47 دن لگ گئے اور اب جب آپ بولے تو کچھ بھی نہیں کہا، ایسا کچھ نہیں جو ان لاکھوں ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑ سکے۔

خیال رہے کہ نئی دہلی کے جنتر منتر پر طلبہ کے مسلسل احتجاج اور سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کہا تھا کہ حکومت پیپر لیکس کے مجرموں کو سخت سزائیں دینے پر کام کر رہی ہیں۔

مودی کا کہنا تھا کہ اس مقصد کیلئے ہماری حکومت ’فاسٹ ٹریک عدالتیں‘ قائم کر رہی ہے، یہ مسئلہ لاکھوں طلبہ اور والدین کیلئے انتہائی تکلیف دہ ہے اور حکومت کی پہلی ترجیح طلبہ کے تعلیمی سال کو ضائع ہونے سے بچانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں