اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے پاس ڈیسک بجانے کے سوا کوئی آپشن نہیں، موجودہ بجٹ عوام دشمن بجٹ ہے، بجٹ کے خلاف ہر جگہ احتجاج کیا جائے گا، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر نے اپنی تنخواہ بڑھائی، ہم نے تنخواہیں بڑھنے پر بھرپور احتجاج کیا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے پاس ڈیسک بجانے کے سوا کوئی آپشن نہیں، کوئی سوال کا جواب نہ دے تو اسلحہ تو نہیں اٹھا سکتے۔ عمر ایوب نے کہا کہ موجودہ بجٹ عوام دشمن بجٹ ہے، ہر شخص کی قوت خرید کم ہوگئی ہے، لوگ ملک چھوڑ کر جارہے ہیں، 48 ارب ڈالر باہر چلا گیا، ملک میں انڈسٹریز بند ہوگئی ہے، بجلی فروخت نہیں ہورہی۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ تنخواہیں بڑھنے پر ہم نے بھرپور احتجاج کیا، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکرقومی اسمبلی نے اپنی تنخواہ بڑھائی، حکومت نے اپوزیشن پر مقدمات درج کروائے ہوئے ہیں، ہماری ساری قیادت پابند سلاسل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم احتجاج کرتے ہیں تو گولی چلائی جاتی ہے، پی ٹی آئی دور میں پاکستان 6 فیصد ترقی کررہا تھا، ہم آئی ایم ایف پروگرام سے نکل جاتے، موجودہ حکومت نے ساڑھے 3 سال میں کیا کیا؟۔پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ بجٹ کے خلاف ہر جگہ احتجاج کیا جائے گا، بجٹ میں سب سے تکلیف دے چیز مہنگائی ہے۔