سندھ ہائی کورٹ 14

منشیات اسمگلنگ میں سہولتکاری کا مقدمہ، ملزم فہد ترمزی کی ضمانت منظور

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے منشیات کی اسمگلنگ میں مبینہ سہولت کاری کے مقدمے میں گرفتار ملزم فہد ترمزی کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے ملزم کو 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ہائیکورٹ می منشیات کی اسمگلنگ میں سہولتکاری کے الزام سے متعلق مقدمے میں ملزم کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران ملزم کی جانب سے وکیل صفائی مامون ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ فہد ترمزی کا منشیات اسمگلنگ کے مقدمے سے براہ راست کوئی تعلق نہیں۔وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کا مرکزی ملزم خالق مفرور ہے جبکہ ایک اور شریک ملزم عدیل پہلے ہی ضمانت پر ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ فہد ترمزی کو محض الزام کی بنیاد پر مقدمے میں شامل کیا گیا اور اس کے خلاف منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود نہیں۔

حکام کے مطابق فہد ترمزی کو 17 اگست 2025 کو اینٹی نارکوٹکس فورس نے ایک کوریئر کمپنی کی اطلاع پر گرفتار کیا تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ بیرون ملک بھجوائے جانے کے لیے بک کرائی گئی جیکٹوں سے 2 کلو آئس برآمد ہوئی تھی۔اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق منشیات کی برآمدگی کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا اور مقدمے میں مبینہ سہولتکاری کے الزام میں فہد ترمزی کو بھی شامل تفتیش کیا گیا۔عدالت نے فریقین کے دلائل اور مقدمے کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ملزم فہد ترمزی کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور اسے 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں