لاہور (رپورٹنگ آن لائن) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کے معدنی ذخائر عوام کی ملکیت ہیںجسے ہم لوٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے، ہم کسی سے وطن سے وفا کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے، ہم ملک میں امن کے داعی اور پرچارک ہیں، ہم نے وطن سے محبت کی ، وطن سے وفا کی اور کسی طاقتور کی غلامی قبول نہیں کی، ہماری وفاداریاں شک و شبہے سے بالاتر ہیں، ہم پاکستان اور اس ریاست کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، ہر پاکستانی شہری کو اپنا فرض ادا کرنا چاہیے، انشاء اللہ سازشیں بے نقاب ہوں گی۔
لاہور ہائیکورٹ بار سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں، پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے، تمام راستے بند ہیں، ناکے لگے ہوئے ہیں، ایک مہذب شہری کو دانشوروں کی محفل میں جانے سے روکا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جبر کو کبھی دوام حاصل نہیں ہوتا، لیکن صبر کو پوری تاریخ میں ہمیشہ دوام حاصل رہا ہے، ہم ملک میں امن کے داعی اور پرچارک ہیں، قیامِ امن کے لیے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، ہم کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وطن سے وفا کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے۔ہماری وفاداریاں شک و شبہے سے بالاتر ہیں، انشاء اللہ سازشیں بے نقاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کا ایک ایک کارکن استقامت کا پہاڑ بنا ہوا ہے، جبر کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں، ہم نے وطن سے محبت کی ہے، وطن سے وفا کی ہے اور کسی طاقتور کی غلامی قبول نہیں کی۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ 26نومبر کو سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام ایک بہت بڑی کانفرنس کرنے جا رہی ہے، پورے سرگودھا ڈویژن میں ہمارے کارکن ریاستی جبر کا نشانہ بن رہے ہیں، مقامی قائدین کاروبار بند اور دکانیں سیل کی جا رہی ہیں، بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں کارکنوں کی گرفتاریاں اور تعاقب کیا جا رہا ہے، ہمارا عزم ہے کہ ہم نے سرگودھا کانفرنس ہر صورت کرنی ہے، عوام اس اجتماع کو کامیاب بنائیں، اپنی حریت اور آزادی کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، ہم پاکستان اور اس ریاست کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، آج قومی و ملی وحدت کا وقت ہے، ہر پاکستانی شہری کو اپنا فرض ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف ریاستی قوتوں کے رویوں میں شدت اس وقت آئی جب ہم نے قبائلی علاقوں میں معدنی ذخائر کے حوالے سے ان کا کردار بے نقاب کیا، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گوادر، سندھ، ساحلی علاقوں اور پنجاب کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، معدنی ذخائر عوام کی ملکیت ہیں، ہم عوام کے وسائل لوٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم صبر کا دامن تھامے ہوئے ہیں، لیکن استقامت کے ساتھ اپنے مقف پر ڈٹے ہوئے ہیں، ریاستی جبر اور رکاوٹوں نے مجھے لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلاء سے براہِ راست مخاطب ہونے سے محروم رکھا۔









