مولانا فضل الرحمان 20

ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور آئینی بحرانوں کا واحد حل آئین کی بالادستی میں ہے ،مولانا فضل الرحمن

جیکب آباد (رپورٹنگ آن لائن) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور آئینی بحرانوں کا واحد حل آئین کی بالادستی، حقیقی جمہوریت، پارلیمنٹ کی بالادستی اور عوامی مسائل کا عملی حل ہے، ریاستی اور حکومتی امور آئینی حدود کے اندر چلائے بغیر ملک میں پائیدار سیاسی استحکام قائم نہیں ہوسکتا۔ وہ سندھ کے دورے کے جے یو آئی سندھ کے امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی کی صدارت میں منعقدہ جمعیت علماء اسلام سندھ کی مجلس عاملہ اور امن عالم اجتماع 2027 کی منتظمہ کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ،

اس موقع پر جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے امن عالم اجتماع 2027 کی تیاریوں، انتظامی امور اور مختلف منتظمہ کمیٹیوں کی ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بڑھتی ہوئی معاشی مشکلات، مہنگائی، بے روزگاری، عوامی پریشانیاں، امن و امان کی خراب صورتحال اور سیاسی عدم استحکام سنگین مسائل ہیں جن پر فوری اور سنجیدہ توجہ کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کی حکمرانی یقینی بنائے بغیر نہ پائیدار سیاسی استحکام ممکن ہے اور نہ ہی حقیقی جمہوریت قائم ہوسکتی ہے، پارلیمنٹ کی بالادستی، عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور تمام ریاستی و حکومتی امور کو آئینی دائرہ کار میں چلانا وقت کی اہم ضرورت ہے ، ج

ے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ملک کے تمام صوبوں کو آئین کے مطابق اختیارات اور اپنے وسائل میں جائز و منصفانہ حصہ ملنا چاہیے وفاق اور صوبوں کے درمیان اختیارات اور وسائل کی تقسیم کے معاملات کو باہمی اعتماد، آئینی تقاضوں اور قومی مفاد کے مطابق حل کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت تمام صوبوں کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے محض اعلانات کافی نہیں بلکہ عملی، منصفانہ اور موثر حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی صوبوں کے وسائل، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی ضروریات سے متعلق فیصلوں میں عوامی مفاد کو مقدم رکھا جانا چاہیے ، مولانا فضل الرحمن نے ملکی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور روزمرہ ضروریات زندگی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، معاشی پالیسیوں کا رخ عوامی ریلیف، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ملکی پیداوار میں اضافے اور قومی وسائل کے بہتر استعمال کی طرف ہونا چاہیے ،

انہوں نے کہا کہ ایسی معاشی پالیسیاں تشکیل دینے کی ضرورت ہے جو صرف مخصوص طبقات کے بجائے عام شہری، مزدور، کسان، تاجر اور نوجوان کے مفادات کا تحفظ کرسکیں، انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، بدامنی، خوف اور عدم تحفظ کی فضا کا خاتمہ کرکے قانون کی یکساں عملداری یقینی بنائی جائے ، انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو تصادم کے بجائے مذاکرات، جمہوری روایات اور آئینی طریقہ کار کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے ملک کو قومی اتحاد، سیاسی برداشت اور سنجیدہ قومی مکالمے کی ضرورت ہے تاکہ تمام ادارے اپنی آئینی ذمہ داریوں کے دائرے میں رہتے ہوئے قومی استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرسکیں،

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حقیقی حل شفاف، جوابدہ اور موثر نظام حکمرانی کے قیام میں ہے حکومتی اداروں کو عوامی خدمت کے اصول پر استوار کیا جائے اور قومی فیصلوں میں قانون، انصاف اور عوامی مفاد کو بنیادی حیثیت دی جائے ، اجلاس کے دوران امن عالم اجتماع 2027 کی تیاریوں، انتظامی امور اور مختلف کمیٹیوں کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں اجتماع کی تیاریوں کو مزید منظم اور موثر بنانے پر غور کرتے ہوئے منتظمہ کمیٹیوں کے ذمہ داران کو اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرنے اور اجتماع کی کامیابی کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایات دی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں