کراچی(رپورٹنگ آن لائن)ملک میں سیمنٹ کی قیمتوں میں ایک ہفتے کے دوران ملا جلا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں شمالی علاقوں میں فی بوری اوسط قیمت میں کمی جبکہ جنوبی علاقوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 4 روپے کمی کے بعد 1,588 روپے ہوگئی، جس کے نتیجے میں ہفتہ وار بنیاد پر قیمت میں 0.25 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اس کے برعکس جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 8 روپے اضافے سے 1,589 روپے تک پہنچ گئی، جس سے ہفتہ وار بنیاد پر 0.53 فیصد اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔علاقائی قیمتوں کے حوالے سے شمالی علاقوں میں ملتان میں سیمنٹ کی فی بوری قیمت سب سے زیادہ 1,657 روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ بنوں میں یہ قیمت سب سے کم 1,450 روپے رہی۔جنوبی علاقوں میں خضدار میں سیمنٹ کی فی بوری قیمت سب سے زیادہ 1,700 روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ کراچی میں فی بوری سیمنٹ کی اوسط قیمت 1,486 روپے رہی۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں سیمنٹ کی قیمتوں میں فرق برقرار ہے۔








