احسن اقبال

ملکی معیشت کو ٹیکنو معیشت میں تبدیل کرنا ضروری ہے، احسن اقبال

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو ٹیکنو معیشت میں تبدیل کرنا ضروری ہے،پاکستان میں کام کرنے والے چینی ہمارے قومی مہمان ہیں، چینی شہریوں کو سیکیورٹی فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک تقریب سے خطاب اور انٹرویو میں کیا ۔ا حسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے لیے نوجوان نسل کو جدید علوم سے ہمکنار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نارووال کی یونیورسٹی میں 7 ہزار سے زائد طلبا زیر تعلیم ہیں، معاشی ترقی کے لیے ہمیں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا ہوگا، نوجوان جدیدعلوم، تحقیق سےخود کو بہرہ مند کریں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، ملکی معیشت کو ٹیکنو معیشت میں تبدیل کرنا ضروری ہے، برآمدات کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے۔ اپنے انٹرویو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں کو سیکیورٹی فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے کیونکہ وہ ہمارے قومی مہمان ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں پیش آنے والے واقعات منظم دہشتگردی کا نتیجہ ہیں، جن کا مقصد پاک چین تعلقات میں خلل ڈالنا اور سی پیک کو روکنا ہے، دونوں ممالک سیکیورٹی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رابطے میں ہیں اور ایسے فریم ورک پر اتفاق کریں گے جو دونوں ممالک کیلئے قابل قبول ہوگا۔

احسن اقبال نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں کامیاب ہوں گے، اس حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کرنا ہوگا جہاں ضروری ہوگا سیکیورٹی کے نظام کو مزید موثر بنائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے سے منظور شدہ اسپیشل اکنامک زونز پر آئی ایم ایف کی شرائط عائد نہیں ہوتیں تاہم آئی ایم ایف کی شرائط نئے اکنامک زونز (اقتصادی راہداری) سے متعلق ہیں۔