لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے ہدایت دی ہے کہ جن افراد کو مقدمات میں بری کیا جائے گا ان کا نام کریکٹر سرٹیفکیٹ پر ظاہر نہیں کیا جائے گا،پولیس بری ہونے والے افراد کا ریکارڈ اپنے پاس رکھے لیکن اس کا ذکر کریکٹر سرٹیفکیٹ میں نہ کرے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے شہری نعمان بٹ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فیصلہ دیا۔
شہری نے اپنے مقدمے میں بریت کے باوجود کریکٹر سرٹیفکیٹ میں مقدمے کا ذکر کیے جانے کو چیلنج کیا تھا۔ پولیس حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس کا آئی ٹی سسٹم اور فارمیٹ اپ ڈیٹ کیا جا چکا ہے تاکہ کریکٹر سرٹیفکیٹ میں بری ہونے والوں کا ریکارڈ ظاہر نہ ہو۔
ڈی آئی جی لیگل نے عدالت میں کہا کہ پولیس تمام نوعیت کے مقدمات میں ملوث ملزمان کا سی آر او ریکارڈ رکھے گی مگر کریکٹر سرٹیفکیٹ پر اس کا ذکر نہیں کیا جائے گا۔عدالت نے پولیس کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے درخواست نمٹادی۔