لاہور(رپورٹنگ آن لائن )نامور اداکارہ سعدیہ امام نے حالیہ دنوں میں معصوم بچیوں سے زیادتی اور قتل کے دلخراش واقعات پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچیوں کے ساتھ ہونے والی درندگی نے ہر حساس دل رکھنے والے انسان کو ہلا کر رکھ دیا ہے، آخر ہم اپنی بچیوں کو کب تک خوف کے سائے میں رکھیں گے۔
اپنے ویڈیو بیان میں سعدیہ امام نے کہا کہ ایسے واقعات صرف ایک خاندان کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کا دکھ ہیں، ہمیں خاموش رہنے کے بجائے ان کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے قوانین تو موجود ہیں لیکن اصل ضرورت ان قوانین پر بلاامتیاز اور فوری عملدرآمد کی ہے۔معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندوں کو قانون کے مطابق عبرت کا نشانہ بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی بھیانک حرکت کی جرت نہ ہو۔
سعدیہ امام نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے ساتھ انہیں اچھے اور برے لمس سمیت اپنی حفاظت کے بنیادی طریقوں سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معاشرے کے ہر فرد کو مل کر ایسا پاکستان بنانا ہوگا جہاں کوئی بچی خوف کے بغیر زندگی گزار سکے۔








