مریم نواز

مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے قدرتی وسائل کی حفاظت کرنی ہوگی، مریم نواز

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے قدرتی وسائل کی حفاظت کرنی ہوگی۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے جنگ اور مسلح تنازعات میں انوئرمنٹ کے استحصال کے تدارک کے عالمی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنگ اور تنازعات انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتے ہیں اور قیمتی ماحول کو بھی برباد کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ اور دیگر علاقوں میں جنگ سے انسان ہی نہیں ، ماحول بھی تباہی کا شکار ہو رہے ہیں، جب بھی جنگ ہوتی ہے، ماحول، قدرتی وسائل کی بے دردی سے لوٹ مار ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلح تنازعات میں جنگلات کی کٹائی، پانی اور فضائی آلودگی میں اضافہ اور زمین کی زرخیزی کو نقصان پہنچایا جاتا ہے، حیاتیات اور نباتات بھی تنازعات کے منفی اثرات کا سامنا کرتی ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کے لئے پائیدار اور مربوط حکمت عملی اپنانا وقت کی ضرورت ہے، مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے قدرتی وسائل کی حفاظت کرنی ہوگی۔ وزیر اعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ قدرتی وسائل کو جنگ میں استعمال ہونے سے بچانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھانا ہوگا۔