پروفیسر الفرید ظفر

مریضوں کی بہتر نگہداشت کیلئے نرسز کیلئے ریفریشر کورسز نا گزیر ہیں:پروفیسر الفرید ظفر

پلاہور3اگست(زاہد انجم سے) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ نرسز کی اعلیٰ تعلیم و تربیت اور اُن کیلئے ریفریشر کورسز مریضوں کی بہتر نگہداشت ا ور علاج معالجے کو یقینی بنانے کیلئے نا گزیر ہیں کیونکہ نرسوں کے بغیر ہیلتھ کئیر سسٹم کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ نرسیں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے بے لوث جذبہ، قربانی، بیماریوں کے خلاف اعلان جنگ، مایوسی کی جگہ جینے کی اُمنگ اور صحت کا استعارہ ہے لہذا مریضوں کے موثر علاج اور اُن کی صحت کے تحفظ کے لئے ضروری ہے کہ ادویات کے استعمال میں مکمل احتیاط برتی جائے اور بالخصوص انجیکشن لگاتے وقت تمام ایس او پیز کو ملحو ظ خاطر رکھا جائے۔

اس امر کا اظہارپروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں نرسوں کیلئے”مریضوں کے موثر علاج اور صحت کے تحفظ کے لئے ادویات کا بہتر استعمال ” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر آصف بشیر، ایم ایس ڈاکٹر عمر اسحاق، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر عبدالعزیز،ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ زمرد خورشید،ڈائریکٹر فنانس ربیحہ محمود،نرسز آفیسرزثمرہ جمیل، سائرہ اسلم، جیری زاہد سمیت نرسز و طالبات کی بڑی تعداد سیمینار میں شریک تھیں۔

پرنسپل جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ مریضوں کے ساتھ نرسز کا اچھا برتاؤ،بر وقت ادویات کی فراہمی، خوش اخلاقی سے پیش آنا اور ہمدردی کے دو بول مریضوں کی شفایابی کے عمل کو تیزی سے مکمل کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مریضوں کے لئے مفت ادویات کی فراہمی انتظامیہ سمیت ڈاکٹرز،نرسز کے پاس امانت ہوتی ہیں لہذا اُن کی ترسیل کا ریکارڈ ضروری ہے اور اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریاں قومی فریضہ سمجھ کر سر انجام دینا ہوں گی۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ بہت سے افراد بیماری میں از خود ہی بے جا انجیکشن لگوانے، درد سے نجات اور جلد صحت یابی کیلئے” پین کلر” اور” اینٹی باؤٹک” کا استعمال کرتے ہیں جس سے انسانی جسم میں بہت سی پیچیدگیاں جنم لیتی ہیں لہذا ضروری ہے کہ اس سلسلے میں ہیلتھ پروفیشنلز علاج کے ساتھ ساتھ شہریوں میں مستند معالج یا ڈاکٹر کے بغیر ادویات استعمال نہ کرنے بارے میں شعور اجاگرکریں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے اہم موضوع پر سیمینار کے انعقاد پر ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ زمرد خورشید اور اُن کی ٹیم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اور اُن کی کاوشوں کو سراہا۔

ای ڈی پنز پروفیسر آصف بشیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نرسز ہماری قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں،ہم سب کو ان کی قدر اور عزت کرنی چاہیے، بے شک زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے لیکن انسانی جان بچانے کے لئے نرسیں اللہ پاک کا فراہم کردہ وسیلہ ہیں۔ ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر عمر اسحاق، زمرد خورشید و دیگر مقررین نے بھی سیمینار کے اغراض و مقاصد پرروشنی ڈالی اور احتیاطی تدابیر بارے شرکاء کو تفصیلاً آگاہ کیا۔