مرتضیٰ وہاب 24

مرتضیٰ وہاب نے مصطفی کمال کے بیانات کو غیر سنجیدہ قرار دے دیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) میئر کراچی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کے بیانات کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مصطفی کمال کی باتیں ایک کان سے سنتے اور دوسرے کان سے نکال دیتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے شہر کے ہر علاقے میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا ہے اور کراچی کی ترقی کا سفر جاری رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔صوبوں سے متعلق مطالبات کے حوالے سے میئر کراچی نے کہا کہ صوبوں کے بارے میں فیصلے جلسوں میں نہیں بلکہ اسمبلی میں ہوں گے۔ اورنگی یا بہادرآباد کے جلسے میں صوبوں سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوگا، اس معاملے کا فیصلہ آئینی طریقہ کار کے تحت اسمبلی کرے گی۔مصطفی کمال کی جانب سے میئر کراچی کو بااختیار بنانے کے مطالبے پر مرتضیٰ وہاب نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر وہ میئر کو بااختیار بنانا چاہتے ہیں تو پھر گریڈ 22 کے افسران کے ذریعے کراچی میں کام کیوں کرواتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ اگر مصطفی کمال کو آج میئر بنا دیا جائے تو وہ اختیارات دینے کا مطالبہ کریں گے، جبکہ جب وہ میئر نہیں ہوتے تو یہ کہتے ہیں کہ تمام اختیارات اسلام آباد کو دے دیے جائیں۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے مسائل کا حل سیاسی نعروں کے بجائے عملی اقدامات اور مؤثر بلدیاتی نظام کے ذریعے ممکن ہے، شہر کی بہتری کے لیے ترقیاتی کام جاری رکھے جائیں گے۔دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر سوال کے جواب میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ان کی بلاول بھٹو زرداری سے بات ہوئی ہے، ان کی نہ شادی ہوئی ہے اور نہ منگنی ہوئی ہے، جبکہ شادی کے حوالے سے بھی فی الحال کوئی بات طے نہیں ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں