عطا اللہ تارڑ 18

مخالفین کو آزاد کشمیر میں ہماری کامیابی ہضم نہیں ہو رہی ہے،عطا تارڑ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ مخالفین کو آزاد کشمیر میں ہماری کامیابی ہضم نہیں ہو رہی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کی ہے اور پارٹی کو سادہ اکثریت مل چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیا اور تعمیر و ترقی، کارکردگی اور خدمت کے ٹریک ریکارڈ کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا، مخالفین کو مسلم لیگ (ن) کی کامیابی ہضم نہیں ہو رہی اور بلاجواز الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا سندھ کے وزیر اطلاعات کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر 2024 کے عام انتخابات پر سوال اٹھائے جاتے ہیں تو سندھ حکومت پر بھی سوالات اٹھتے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ الزامات لگانے والے اپنے دعوؤں کے شواہد بھی پیش کریں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جس طرح مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کو کامیابی پر مبارکباد دی تھی، اسی طرح پیپلز پارٹی کو بھی آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر مبارکباد دینی چاہیے۔

انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ انتخابی نتائج کو خوش دلی سے قبول کرے اور آگے بڑھنے کی سیاست اپنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں