بلاول بھٹو زرداری

ماحولیاتی تبدیلی، معاشی عدم مساوات دنیا بھر میں غربت بڑھا رہے ، بلاول

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی، تنازعات اور معاشی عدم مساوات دنیا بھر میں غربت بڑھا رہے ہیں۔

غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ غربت، عدم مساوات اور سماجی ناانصافی کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی،روٹی، کپڑا اور مکان کے تحت پیپلز پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو ان مسائل کو دیکھنا ہوگا جو لاکھوں انسانوں کو مایوسی کی طرف دھکیل رہے ہیں، یہ وقت عالمی سطح پر جغرافیائی تقسیم سے بالاتر ہو کر انسانی بنیادوں پر مشترکہ اقدامات کرنے کا ہے ، دنیا کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ ایک منصفانہ، مساوی اور پائیدار عالمی نظام تشکیل دیا جاسکے ۔