کر ا چی (رپورٹنگ آن لائن)عیدالاضحیٰ پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی رومانوی کامیڈی فلم ’لو گُرو‘ نے ویک اینڈ بزنس میں ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
’لو گُرو‘ کو شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور ناظرین فلم میں ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی جوڑی کو بے حد پسند کر رہے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ لندن میں کی گئی ہے جہاں ماہرہ خان کو ایک خوبصورت، بولڈ اور فنونِ لطیفہ سے دلچسپی رکھنے والی لڑکی کے روپ میں دکھایا گیا ہے، جب کہ ہمایوں سعید کو ایک ایسے کردار میں پیش کیا گیا ہے جو مختلف لڑکیوں کو اپنے عشق کے جال میں پھنساتا ہے۔
فلم ’لو گُرو‘ کی ہدایت کاری معروف فلم ساز ندیم بیگ نے کی ہے، جب کہ کہانی واسع چوہدری نے تحریر کی ہے، فلم میں مرکزی کردار ہمایوں سعید اور ماہرہ خان نے ادا کیے ہیں۔
’لو گُرو‘ اے آر وائی فلمز کے بینر تلے ریلیز کی گئی ہے، فلم میں رومانس کے ساتھ ساتھ پشتو اور پنجابی تڑکے والا مزاح بھی شامل ہے جو شائقین کو خوب پسند آرہا ہے۔
فلم نے پہلے ہی ویک اینڈ پر ہونے والی کمائی میں ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ویک اینڈ بزنس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جس نے ریلیز کے ابتدائی دنوں میں 11 کروڑ روپے کمائے تھے، جب کہ ’لو گُرو‘ نے 12 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔
میکرز کے مطابق ’لو گُرو‘ کو شائقین کی طرف سے زبردست ردِ عمل مل رہا ہے اور مجموعی طور پر فلم نے 28 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے، فلم نے پاکستان میں 13 کروڑ اور دنیا بھر میں 15 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔