ہائیکورٹ 13

لاہور ہائیکورٹ کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر ڈائریکٹر ایف آئی اے سے اظہار ناراضگی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے ملزمان کے مقدمات کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد ثاقب سلطان سے سخت برہمی کا اظہار کیا،ڈائریکٹر ایف آئی اے تسلی بخش جواب نہ دے سکے، جس پر عدالت نے دو ملزمان کی درخواست ضمانتیں منظور کر لیں۔جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے ملزمان افضل ندیم اور امتیاز احمد کی درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے ثاقب سلطان وفاقی حکومت کے وکیل فیض رسول رجوانہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز پر جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے استفسار کیا کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کدھر ہیں؟ جس پر ثاقب سلطان نے کہا کہ جی، میں حاضر ہوں۔

عدالت نے پوچھا کہ وہ فیصل آباد میں کب سے تعینات ہیں، تو انہوں نے بتایا کہ چھ ماہ ہو گئے ہیں۔جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے ریمارکس دیئے کہ کیا تماشا بنایا ہوا ہے، بروقت ریکارڈ پیش کیوں نہیں کیا گیا؟ ۔ڈائریکٹر ایف آئی اے نے موقف اختیار کیا کہ اس کوتاہی کے ذمہ دار ایف آئی اے کے اے ایس آئی امتیاز اور امانت ہیں، اور متعلقہ افسروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ شوکاز نوٹس دیں گے یا میں دوں؟ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے جواب دیا کہ جی، میں شوکاز نوٹس دوں گا۔ جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے کہا کہ آپ نے کچھ نہیں کرنا۔

انہوں نے مزید ریمارکس دیئے کہ کیا آپ شوکاز نوٹس کے بعد انہیں چھوڑ دیں گے؟ شوکاز نوٹس تو ایک ہفتے بعد ختم ہو جاتا ہے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے نے یقین دہانی کرائی کہ محکمانہ کارروائی کر کے سزا بھی دی جائے گی۔ جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے ہدایت کی کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کر کے لا افسر کو دیں۔سماعت کے دوران عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے سے پوچھا کہ کیا انہوں نے کیس دیکھا ہے؟ ۔جس پر انہوں نے بتایا کہ یہ نوے لاکھ روپے کے فراڈ کا کیس ہے۔بعد ازاں عدالت نے فریقین کا مقف سن کر دونوں ملزمان کی درخواست ضمانتیں منظور کر لیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں