لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف دائر درخواست وکیل کی استدعا پر اسی نوعیت کے زیر سماعت مقدمے کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے متعلقہ بینچ کو بھجوانے کی سفارش کر دی۔
جسٹس چوہدری محمد اقبال نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور عدالت کو آگاہ کیا کہ اسی نوعیت کا ایک اور کیس پہلے ہی جسٹس حسن نواز مخدوم کے روبرو زیر سماعت ہے لہٰذا موجودہ درخواست کوبھی اسی بینچ کے سامنے مقرر کیا جائے تاکہ یکساں نوعیت کے معاملات پر یکساں فیصلہ سامنے آ سکے۔
جسٹس چوہدری محمد اقبال نے استفسار کیا کہ معاملہ کس نوعیت کا ہے، جس پر وکیل نے وضاحت کی کہ یہ بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق کیس ہے جو عوامی مفاد کا حامل ہے۔عدالت نے وکیل کی استدعا سے اتفاق کرتے ہوئے کیس جسٹس حسن نواز مخدوم کو بھجوانے کی سفارش کر دی اور فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر دی۔









