لاہور ہائیکورٹ 196

لاہور، ایکسپائرڈ اسٹنٹ ڈالنے کیخلاف درخواست پرفریقین سے جواب طلب،نوٹس جاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں دل کے مریضوں کو زائد المیعاد اسٹنٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست پر پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ زائد المیعاد اسٹنٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے عدالت میں دو الگ الگ درخواستیں دائر کی گئیں۔

جسٹس شاہد وحید نے سردار فرحت منظور خان ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ میڈیا کے مطابق پی آئی سی میں دل کے مریضوں کو ایکسپائرڈ اسٹنٹ ڈالے گئے، اسپتال میں شہریوں کی صحت کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے۔ پی آئی سی میں ایکسپائرڈ اسٹنٹ ڈالنے والا مافیہ سرگرم ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پی آئی سی میں ایکسپائرڈ اسٹنٹ ڈالنے کا نوٹس لے اور متعلقہ مافیہ کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے۔ جسٹس علی باقر نجفی نے دوسری درخواست پر سماعت کی جو کہ عصمت اللہ خان نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی۔ عدالت نے چیف سیکریٹری پنجاب سمیت فریقین کو 22ستمبر تک جواب جمع کروانے کا حکم دیا جبکہ ایف آئی اے سے تحقیقات کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے استدعا کی کہ یہ مفاد عامہ کا معاملہ نہیں اس لیے درخواست خارج کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں