لاہور(رپورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کی حالیہ لہر اور مجموعی قومی صورتحال کے تناظر میں قومی اتفاقِ رائے وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو ذاتی اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ قومی معاملات، بالخصوص امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال پر وسیع اتفاقِ رائے ناگزیر ہے تاکہ دہشتگردی کے خلاف موثراور یکساں حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ موجودہ حالات قومی اتحاد، سیاسی استحکام اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے متقاضی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تمام قومی قوتیں ایک صفحے پر ہوں گی تو نہ صرف دہشتگردی جیسے خطرات کا موثر مقابلہ کیا جا سکے گا بلکہ قوم کا اتحاد بھی مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جانا چاہیے تاکہ ملک امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔









