طارق فضل چودھری 20

قومی اسمبلی سے انتخابی اصلاحاتی کمیٹی منظور، نوٹیفکیشن جلد جاری ہو گا،طارق فضل

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی سے الیکشن ریفارمز کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی جا چکی ہے، جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی جلد کمیٹی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ کمیٹی کے اراکین کے ناموں کو حتمی شکل دینے کا عمل ابھی باقی ہے، قومی اسمبلی میں جب موشن پیش کی گئی تو تحریک انصاف نے اس کی مخالفت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ کمیٹی 30 ارکان پر مشتمل ہوگی، جس میں قومی اسمبلی سے 20 جبکہ سینیٹ سے 10 اراکین شامل ہوں گے، کمیٹی میں نشستوں کی تقسیم ایوان میں جماعتوں کی عددی تناسب کے تحت ہو گی، کمیٹی کی تشکیل کا مقصد انتخابی نظام میں بہتری، شفافیت اور اصلاحات کے لیے پارلیمانی سطح پر مشاورت اور اتفاقِ رائے کو فروغ دینا ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ انتخابی اصلاحات کے عمل میں اپوزیشن سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کی مثبت، تعمیری اور قابلِ عمل تجاویز کو مناسب اہمیت دی جائے، تاکہ ایک ایسا انتخابی نظام تشکیل دیا جا سکے جو شفافیت، اعتماد اور جمہوری اقدار کو مزید مضبوط بنائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کا مشترکہ قومی معاملہ ہیں، اس مقصد کے حصول کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو باہمی مشاورت اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں