سپریم کورٹ آف پاکستان 14

قتل کیس میں دیت کی رقم کتنی ہو گی؟ تعین کیسے کیا جائے گا؟ سپریم کورٹ میں فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)قتل کیس میں دیت کی رقم کتنی ہو گی اور اس کا تعین کیسے کیا جائے گا؟ اس حوالے سے سپریم کورٹ نے اہم فیصلہ محفوظ کر لیا۔پیر کو عدالتِ عظمی نے مجرم ندیم خان کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا ہے۔

مجرم کے وکیل نے دورانِ سماعت کہا کہ مجرم سزا پوری کر چکا ہے، اب صرف دیت کی رقم ادا نہ کرنے کی سزا کاٹ رہا ہے۔پراسیکیوٹر ارشد حسین نے بتایا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے، رقم کے تعین سے متعلق ہائی کورٹ کا فیصلہ موجود ہے، آج کل دیت کی رقم 1 کروڑ 97 لاکھ روپے ہے۔جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا کہ دیت کی رقم وقوعہ، گرفتاری یا سزا کے وقت کے مطابق مقرر ہو گی؟

جسٹس صلاح الدین نے ریمارکس دیے کہ قتل کرنا تھوڑا منہگا ہو تو شاید لوگ رک جائیں، سعودی عرب میں آج بھی دیت کیطور پر 100 اونٹ دیے جاتے ہیں۔جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ وقت پر فیصلہ نہ ہونا نظام کی خرابی ہے، نظام کی خرابی کی سزا ملزم کو نہیں دی جا سکتی۔پراسیکیوٹر ارشد حسین نے دلائل دیے کہ ملزم کی عمر کا تعین تو گرفتاری کے وقت سے ہوتا ہے۔عدالت نے ہدایت کی کہ تمام پراسیکیوٹرز اس معاملے پر تحریری معروضات جمع کروا دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں