اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)قائد حز ب اختلاف شہبازشریف نے تاریخی بجٹ خسارے کو حکومتی دعوئوں کی تردید قرار دے دیا ۔ ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ تاریخ میں پہلی بار بجٹ خسارہ ملکی جی ڈی پی کے 10 فیصد سے بھی زائد ہونا کورونا سے بھی زیادہ پریشان ہے ۔
انہوںنے کہاکہ گزشتہ برس بجٹ خسارہ 7.1 فیصد ہونے کا حکومتی دعوی غلط ثابت ہوا، آج سچائی ثابت ہوئی کہ یہ جی ڈی پی کا 9.1 فیصد ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ اِس سال حکومت کا دعوی بجٹ خسارہ 9.1 فیصد کا ہے لیکن آزادماہرین معیشت کے نزدیک یہ جی ڈی پی کے 10 فیصد سے زائد ہوگا۔شہباز شریف نے کہاکہ یہ بھی ثابت ہوگیا کہ تاریخی بجٹ خسارہ کورونا وبا سے پہلے ہی ہماری معیشت چاٹ چکا تھا،بجٹ اعدادوشمار گواہی دے رہے ہیں کہ کورونا وبا سے پہلے ہی بجٹ خسارہ بلند ترین سطح پر پہنچ چکا تھا،موجودہ حکومت بجٹ خسارے کے علاوہ گردشی قرض قابو کرنے میں بھی مکمل ناکام رہی۔
شہباز شریف نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) حکومت کے مقابلے میں پی ٹی آئی حکومت کے دور میں گردشی قرض تین گنا رفتار سے بلند ترین سطح 2.1 کھرب روپے پرپہنچ چکا ہے،حکومت عوامی سرمایہ کی امانت کا احساس کرے، قوم کا مستقبل گروی نہ رکھے۔ شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کے نوجوانوں کو عالمی معاشی غلام بنانے کے بجائے حکومت تعلیم اور صحت میں سرمایہ کاری کرے ،پی ٹی آئی کی وفاقی اور صوبوں میں حکومتوں نے تعلیم کے بجٹ میں بڑی کٹوتی کی،وفاق اور صوبے وسائل فراہم نہیں کریں گے تو ہمارے نوجوان زیورتعلیم سے کیسے آراستہ ہوں گے ؟،
تعلیم اور آئندہ نسلوں کے ساتھ انصاف کی توقع رکھنے والے ہر شخص کو پی ٹی آئی حکومت سے سخت مایوسی ہوئی ہے ،بجٹ گواہی دے رہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نہ صرف نااہل ہے بلکہ اپنی نااہلی چھپانے کے لئے جھوٹ بھی بول رہی ہے۔