کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سابق گورنر سندھ اور میری پہچان پاکستان کے سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح پاکستان کو جس سمت میں لے جانا چاہتے تھے، آج قومی ادارے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں اسی وڑن کی تکمیل کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں، پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور قومی وحدت ہی قائداعظم کے افکار کا حقیقی عکس ہے۔
قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ بانی? پاکستان نے ایسے ملک کا خواب دیکھا تھا جہاں قانون کی حکمرانی، انصاف، مساوات، جمہوری اقدار اور قومی یکجہتی کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔ موجودہ دور میں بھی انہی اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری پہچان پاکستان کے کارکنان قائداعظم کے افکار و نظریات کو مشعلِ راہ بناکر اپنی قومی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ”پاکستان پہلے اور سیاست بعد میں” کا اصول قومی ترقی، استحکام اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ اختلافِ رائے کو قومی مفاد کے دائرے میں رہتے ہوئے برداشت کرنا اور ملکی اداروں کو مضبوط بنانا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ ریاست، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور قومی سلامتی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں، اس لیے قومی استحکام کیلئے تمام طبقات کو متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کی بقا اور ترقی کیلئے قومی یکجہتی، بھائی چارے، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ نوجوان نسل کو قائداعظم کے نظریات، جدوجہد اور قیامِ پاکستان کے مقاصد سے روشناس کرانا ناگزیر ہے تاکہ نئی نسل ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد ہی داخلی اور خارجی چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کرنے کی بنیادی قوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج، قومی ادارے اور عوام ملک کی سالمیت، خودمختاری اور استحکام کیلئے ایک صفحے پر ہیں اور یہی قومی اتحاد پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔سابق گورنر سندھ نے قائداعظم محمد علی جناح کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم بانی? پاکستان کی بصیرت، قربانیوں اور تاریخی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ان کے سنہری اصولوں کو مشعلِ راہ بناکر پاکستان کو مزید مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے کیلئے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔








