اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ فی الحال مجھے لگتا ہے بانی پی ٹی آئی کو 190 ملین پاﺅنڈ کیس میں سزا ہوگی۔
اپنے ایک بیان میں رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اپنے دشمن خود ہیں، پی ٹی آئی کو جب بھی بات کرنا ہوگی وہ ہمارے ساتھ ہی ہوگی، ترامیم کیلئے بندے اٹھانے والی بات درست نہیں بلکہ وہ سب ڈرامہ تھا۔ رانا ثنا کا کہنا تھا کہ کس نے ڈرامہ کیا، یہ بات بانی اور پی ٹی آئی سب کو پتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات چل رہے ہیں لیکن اس بار پہلے تفصیل نہیں بتائیں گے۔وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ محمود اچکزئی اور فضل الرحمان کیساتھ پی ٹی آئی کے لوگوں سے بھی رابطے ہیں، سیاسی مسائل کا حل سیاسی طور پر ہی ہوسکتا ہے۔