ٹیکس 19

فکسڈ ٹیکس سکیم کی شرح کم ،مدت پانچ سال کی جائے’لاہور ٹیکس بار

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے تاجروں کیلئے فکسڈ ٹیکس سکیم 2026 کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ 100 ملین روپے تک کے سالانہ ٹرن اوور پر عائد ایک فیصد ٹیکس کی شرح میں کمی کی جائے جبکہ سکیم کی مدت ایک سال سے بڑھا کر کم از کم پانچ سال مقرر کی جائے۔

یہ مطالبات لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا ثاقب منیر، نائب صدر میاں عثمان جاوید، جنرل سیکرٹری فاروق گجر، جوائنٹ سیکرٹری علی رضا چیمہ اور فنانس سیکرٹری سعد ایوب خان نے ریجنل ٹیکس آفس-I لاہور کی چیف کمشنر آمنہ فیض بھٹی سے ملاقات کے دوران پیش کیے۔ٹیکس بار کے عہدیداران نے کہا کہ فکسڈ ٹیکس سکیم کا اجرا ء درست سمت میں ایک اہم قدم ہے تاہم چھوٹے تاجروں کو موثر انداز میں ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے سکیم کو آسان، طویل المدت اور تاجروں کی استطاعت کے مطابق بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک سال کی مدت مقرر ہونے سے تاجر طویل المدت کاروباری اور مالی منصوبہ بندی نہیں کر سکتے اس لیے سکیم کو کم از کم پانچ سال کے لیے نافذ کیا جائے۔

طویل مدت سے تاجروں کا اعتماد بڑھے گا اور ٹیکس نظام میں رضاکارانہ شمولیت کو فروغ ملے گا۔لاہور ٹیکس بار کے عہدیداروںنے مطالبہ کیا کہ سکیم کو کامیاب بنانے کے لیے ملک گیر میڈیا اور سوشل میڈیا آگاہی مہم شروع کی جائے۔ ٹیکس بار ایسوسی ایشن ایف بی آر کے ساتھ مل کر تاجروں کو سکیم کے طریق کار، شرائط اور فوائد سے آگاہ کرنے کے لیے بھرپور تعاون کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ ایسے افراد جن کے پاس دیگر ذرائع سے آمدن بھی ہے، انہیں مقررہ قوانین اور شرائط کے تحت فکسڈ ٹیکس سکیم میں شامل ہونے کا موقع دیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹیکس نیٹ کا حصہ بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں