لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کے معروف اداکار فواد خان ایک بار پھر اپنی نئی تصاویر کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، ان کی حالیہ تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد مداح ان کی بدلتی ہوئی شخصیت پر تبصرے کر رہے ہیں، جبکہ بعض صارفین کی جانب سے کاسمیٹک ٹریٹمنٹ سے متعلق قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔
فواد خان ان دنوں اپنی نئی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ساتھ اداکارہ عائزہ خان مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، فلم میں وہ سکیورٹی فورسز کے ایک افسر کا کردار نبھا رہے ہیں، جس کے لیے انہوں نے اپنے بال پہلے کے مقابلے میں کافی مختصر کر لیے ہیں، مداحوں کے مطابق یہی نیا ہیئر سٹائل ان کی شخصیت میں نمایاں تبدیلی کی ایک بڑی وجہ ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں فواد خان کو لاہور کے ایک معروف کاسمیٹک سرجن کے ساتھ بھی دیکھا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کرنے لگیں کہ شاید اداکار نے اپنی شخصیت نکھارنے کے لیے کسی قسم کا جمالیاتی علاج یا کاسمیٹک ٹریٹمنٹ کروایا ہے۔تاہم فواد خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، اس لیے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے دعویٰ کیا کہ اداکار کے چہرے پر معمولی تبدیلیاں دیکھی جا سکتی ہیں، جنہیں انہوں نے بوٹوکس، فلرز یا دیگر کاسمیٹک طریقۂ علاج سے جوڑا، دوسری جانب کئی مداحوں نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فواد خان کی نئی شکل ان کے ہیئر سٹائل، وزن میں کمی اور بہتر فٹنس کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔
کچھ صارفین نے مزاحیہ انداز میں کمنٹس کرتے ہوئے اداکار سے اپنے کاسمیٹک سرجن کا پتہ شیئر کرنے کا مطالبہ بھی کیا، جبکہ بعض نے فیس لفٹ اور فلرز جیسے ممکنہ ٹریٹمنٹس پر تبصرے کیے۔
ادھر متعدد مداحوں نے فواد خان کے وزن میں واضح کمی بھی نوٹ کی، سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے یہ قیاس آرائی بھی کی کہ ممکنہ طور پر وہ وزن کم کرنے کے لیے اوزیمپک جیسی دوا استعمال کر رہے ہوں، تاہم اس دعوے کی بھی کوئی مصدقہ معلومات یا باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔









