جاوید شیخ 19

فلم سے نکالے جانے پر رو پڑا تھا،جاوید شیخ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے اپنے کیریئر کے ایک مشکل دور کو یاد کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایک فلم سے انہیں نکال کر ان کی جگہ اداکار فیصل رحمٰن کو کاسٹ کر لیا گیا، جس پر وہ شدید دل برداشتہ ہو گئے تھے۔

ایک نجی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ نے بتایا کہ ایک فلم کی ناکامی کے بعد انہیں ایک نئی فلم میں مرکزی کردار کی پیشکش کی گئی تھی اور وہ اس پر کام شروع کرنے کے لیے تیار تھے۔

انہوں نے کہا کہ بعد میں فلم سازوں نے انہیں فون کر کے بتایا کہ فلم کے ڈسٹری بیوٹر کا مؤقف ہے کہ وہ اس وقت فلاپ اداکار بن چکے ہیں، اس لیے ان کی جگہ فیصل رحمٰن کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ اس فیصلے نے انہیں شدید صدمہ پہنچایا اور وہ اس واقعے پر رو پڑے، تاہم اس کے بعد انہیں کئی برس تک سخت جدوجہد کرنا پڑی، مسلسل محنت اور لگن کے باعث وہ دوبارہ کامیابی کی بلندیوں تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بعد ازاں وہی فلم ساز دوبارہ ان کے پاس فلم کی پیشکش لے کر آئے، لیکن انہوں نے دل میں کوئی رنجش نہیں رکھی اور پیشہ ورانہ انداز میں ان کے ساتھ کام کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔

جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، تاہم محنت، صبر اور مثبت رویہ ہی انسان کو دوبارہ کامیابی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں