ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے آنیوالی فلم حیوان میں ایکشن مناظر کی عکس بندی کے دوران پیش آنیوالی مشکلات کا انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں سیف علی خان نے بتایا ہے کہ فلم میں ایک ایکشن سین کی شوٹنگ انتہائی جسمانی طور پر تھکا دینے والی تھی، جس میں ٹوٹے ہوئے شیشے، ہاتھا پائی اور کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی شوٹنگ شامل تھی۔اداکار نے بتایا ہے کہ میں نے یہ سین باڈی ڈبل کے بغیر خود کیا اور اس میں ویژول ایفیکٹس کا بھی بہت کم استعمال کیا گیا ہے، منظر میں میرے کردار کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے جس کے بعد وہ مزاحمت کرتے ہوئے جوابی کارروائی کرتا ہے۔انہوں نے بتایا ہے کہ فائٹ ایکشن ڈائریکٹر سلوا نے انتہائی مہارت سے ترتیب دی تھی، پورا منظر بہت حقیقی اور پرتشدد انداز میں فلمایا گیا، جبکہ کمرے میں جگہ جگہ ٹوٹے ہوئے شیشے موجود تھے۔
سیف علی خان نے بتایا کہ یہ سین اتنا تھکا دینے والا تھا کہ شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد مجھے دو دن تک آرام کرنا پڑا۔اداکار نے بتایا کہ ایکشن سین سے قبل مجھے زیادہ تربیت حاصل کرنے کا موقع نہیں ملا، میں نے ٹریننگ کی درخواست کی تھی لیکن منصوبہ بندی کے مطابق تربیت نہ ہو سکی، البتہ شوٹنگ سے پہلے میں نے سلوا کے ساتھ چند ایکشن مووز کی ریہرسل کی تھی۔سیف علی خان نے بتایا کہ سین کی شوٹنگ کے دوران مجھے کچھ معمولی کٹ اور چوٹیں بھی آئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی بڑی انجری نہیں ہوئی۔









