طلال چوہدری 9

عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے، طلال چوہدری

مکوانہ (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے ممبر قومی اسمبلی بلال بدر چوہدری کے ہمراہ اندرون شہر کی مختلف سڑکوں پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور منصوبوں کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ جڑانوالہ کی تعمیر و ترقی کے لیے تحصیل کی سطح پر سیوریج کے شعبے میں ریکارڈ فنڈز فراہم کیے گئے ہیں جبکہ اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں کارپٹ روڈز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ گلیوں میں معیاری ٹف ٹائل بھی لگائی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ کوئی گاں ایسا نہیں جہاں سڑکوں، سکولوں یا گلیوں کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں پر کام نہ ہو رہا ہو۔ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے 150 دیہات کے لیے بجلی کی فراہمی کی سکیمیں دی گئی ہیں جن پر کام جاری ہے جبکہ 60 دیہات کو گیس کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔ موٹروے کی تعمیر اور کارپٹ روڈز کے ذریعے علاقے میں رابطہ سڑکوں کا جال بچھایا گیا ہے۔

سینیٹر طلال چوہدری نے مزید کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت، اعلی معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں گے۔ جڑانوالہ میں یونیورسٹی کا قیام بھی عنقریب عمل میں لایا جائے گا اور عوام سے کیے گئے تمام وعدے مرحلہ وار پورے کیے جائیں گے۔انہوں نے گرین بس سروس کو تحصیل ہیڈکوارٹر جڑانوالہ تک توسیع دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے طلبہ، مزدوروں اور عام شہریوں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب وسائل صوبوں کو فراہم کیے جاتے ہیں تو ترقیاتی فنڈز صرف پنجاب میں ہی کیوں نظر آتے ہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جڑانوالہ کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی عمل جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں