اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے دعوی کیا ہے کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کمرے کی بجلی 5 دن تک بند رہی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہا کہ جب تک پارلیمنٹ میرا اور تیرا لیڈر کا فرق رکھے گی تو بے توقیر رہے گی، وزرائے اعظم کے ساتھ زیادتی کا رونا رویا جاتا ہے کیا بانی پی ٹی آئی وزیر اعظم نہیں رہے؟ پی ٹی آئی رہنما نے موجودہ حکومت کیلئے سوال اٹھایا کہ آپ کے دور میں یہ سب کچھ نہیں ہو رہا کیا؟ آپ اس کا جواب دیں، بانی پی ٹی آئی کے کمرے کی بجلی5 دن بند رکھی گئی، انہیں جائے نماز پر سجدے کی جگہ تک نظر نہیں آتی تھی۔
علی محمد خان نے مزید کہا کہ میں کسی سے رحم کی اپیل نہیں کر رہا، ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو بانی پی ٹی آئی کو باہر لانا ہوگا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی اسد قیصر نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے نے کہا کہ مریم نواز نے بھارتی پنجاب سے مل کر بات کرنے کی بات کی،
وزیرِ اعلی خیبرپختونخوا نے افغانستان سے بات چیت کا کہا تو شور مچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ معیار سب کے لیے ایک ہونا چاہیے۔اسد قیصر نے کہا کہ کل ہم اڈیالا جیل گئے لیکن ہماری توہین کی گئی، وہاں پر ہمیں کہا گیا کہ سیاسی بات نہیں کریں گے۔اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے کہا کہ کیا ہم بانی پی ٹی آئی سے موسم پر بات کریں گے، یہ ہماری نہیں بلکہ پارلیمنٹ کی توہین کی گئی۔