عمران خان کی گرفتاری

عمران خان کی نااہلی کیلئے درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کی جس میں شہری محمد ساجد کی جانب سے وکیل نے دلائل دئیے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کہہ رہے انہوں نے الیکشن کمیشن سے معلومات چھپائیں وہ کون سی معلومات ہیں؟ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان نے بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا، وکیل نے درخواست میں مقف اختیار کیا کہ عمران خان پہلے بیٹی سے متعلق تردید کرتے تھے اب اس سے متعلق سوال کا جواب نہیں دیتے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان جانتے ہیں ان کے خلاف ثبوت موجود ہیں، عمران خان پبلک آفس یا پارٹی سربراہ کا عہدہ نہیں رکھ سکتے، عمران خان سے پوچھا جائے کہ ان پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق کیوں نہ ہو؟ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔