علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بین الاقوامی کانفرنس ”معیاری اساتذہ کی تعلیم” 13 تا 14 مئی 2025کے موضوع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں 13 اور 14 مئی 2025 کو ”معیاری اساتذہ کی تعلیم”کے موضوع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔ اس کانفرنس کا مرکزی موضوع ”اساتذہ کو بااختیار بنانا: کل کو بدلنا” ہے، جس کا مقصد اساتذہ کی تعلیم و تربیت کے میدان میں جدید رحجانات، مسائل، مواقع اور چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو کو فروغ دینا ہے۔

اتوار کو اوپن یونیورسٹی سے جاری بیان کے مطابق یہ بین الاقوامی کانفرنس ڈپارٹمنٹ آف سیکنڈری ٹیچر ایجوکیشن اور نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن (NACTE) کے باہمی اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے ماہرین تعلیم، پالیسی ساز، تربیتی اداروں کے سربراہان، نصاب ساز، ریسرچرز اور اساتذہ شریک ہوں گے جو تحقیق پر مبنی علم اور عملی تجربات کی روشنی میں تعلیمِ اساتذہ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے قیمتی تجاویز اور سفارشات پیش کریں گے۔

کانفرنس کے مختلف سیشنز میں اساتذہ کی تعلیم کے ابھرتے ہوئے رجحانات، تعلیمی معیار، لائسنسنگ، تدریسی پروگراموں کی منظوری، تربیت یافتہ اساتذہ کی بھرتی، تقرری کے اصول اور پیشہ ورانہ ترقی کے مربوط لائحہ عمل پر گفتگو کی جائے گی۔

اس پلیٹ فارم کے ذریعے قومی و بین الاقوامی سطح کے ماہرین اساتذہ کی تعلیم کے روڈمیپ کو واضح کرنے اور پالیسی سازی کے لیے رہنما اصول وضع کریں گے۔وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ملک بھر کے اساتذہ، تعلیمی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان کو اس علمی و تحقیقی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک بہترین موقع ہے کہ ہم اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مستقبل کے تعلیمی منظرنامے کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔